سری نگر ،8 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )سر ی نگر میں ایک نابا لغ لڑکے کی موت کے بعد شہر میں پھر سے کر فیولگادیاگیا ہے۔شہر کے صفا کدل علاقے میں مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں وہ زخمی ہو گیا تھا۔پولیس کے ایک افسر نے بتایا 12سالہ جنید اکھون کی کل رات سورا میں ایس کے آئی ایم ایس اسپتا ل میں موت ہو گئی۔اسی کے ساتھ کشمیر میں چل رہی بدامنی میں مرنے والوں کی تعداد 84ہو گئی ہے۔افسر نے بتایا کہ کل صفا کدل تھانہ علاقے کے سعیدہ پورہ علاقے میں مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کے دوران اکھون کے سر اور سینے پر پیلیٹ گن سے گولی لگ گئی تھی ۔انہوں نے کہا کہ قانون وانتظام کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے احتیاطی اقدام کے تحت سات تھانہ علاقوں میں کرفیو لاگو رہے گا۔انہوں نے کہا کہ نوہٹا، کھانیار، ریناواری،صفا کدل، مہاراج گنج، میسو ما اور بٹمالو تھانہ علاقوں میں کرفیو لگایا گیا ہے۔افسر نے کہا کہ وادی کے باقی حصوں میں لوگوں کے جمع ہونے پر پابندیاں لاگو رہیں گی جبکہ قانون وانتظام کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے بڑی تعداد میں سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔گزشتہ 8 جولائی کو سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کو ہلاک کردیا گیا تھا جس کے بعد 92دنوں سے کشمیر میں عوامی زندگی متاثر ہے۔مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں دو پولیس اہلکاروں سمیت 84افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ ہزاروں لوگ زخمی ہوئے ہیں۔بدامنی کا یہ دور کل چوتھے مہینے میں داخل ہو گیا۔دکانیں، کاروباری ادارے، پٹرول پمپ، تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہیں ۔